بنڈلہ گوڑہ آر ٹی اے آفس کو ایم ۔ پرایوہن کی عدم سہولت

TOP_9-16

آر ٹی اے خدمات کو آن لائن کئے جانے کے باوجود پرانے شہر کے علاقہ بندلہ گوڑہ میں واقع ساؤتھ زون آرٹی اے آفس میں صرف پرانے شہر کے عوام کو آرٹی اے سے متعلق خدمات کی فراہمی کے لئے وقت فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے عوام جو لائسنس ‘ رجسٹریشن کے علاوہ دیگر خدمات کے لئے آر ٹی اے سے رجوع ہوتے ہیں انہیں پرانے شہر میں موجود سلاٹس فراہم نہ کئے جانے کی شکایات عام ہونے لگی ہیں اور اب مرکزی حکومت کی جانب سے ایم۔ پریواہن خدمات کے آغاز کے بعد سے ساؤتھ زون آرٹی اے آفس میں موجود ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک بند پڑا ہوا ہے اور اس وسیع و عریض ٹریک پر لائسنس کے لئے موٹر ڈرائیونگ کا عملی امتحان دینے والوں کو یہ سہولت حاصل نہیں ہورہی ہے۔ محکمہ آر ٹی اے کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے تمام ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کو ایم۔پریواہن ایپ میں شامل کرتے ہوئے کسی بھی علاقہ میں وقت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جار ہی ہے لیکن بندلہ گوڑہ آر ٹی اے ڈرائیونگ ٹریک کو اس میں شامل نہ کئے جانے سے پرانے شہر کے عوام جن کی بڑی تعداد اس آرٹی آفس سے استفادہ کرتی ہیں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرانے شہر کے وہ درخواست گذار جو نئے لائسنس یا اپنے لائسنس کی تجدید کے لئے ایم ۔ پریواہن ایپ پر مشاہدہ کرر ہے ہیں انہیں ساؤتھ زون آرٹی اے آفس بندلہ گوڑہ میں ڈرائیونگ ٹسٹ کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس کے نتیجہ میں انہیں شہر کے دوسرے حصوں میں موجود ڈرائیونگ ٹسٹ کی سہولت سے استفادہ کے لئے مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ایم ۔پریواہن میں بندلہ گوڑہ کو شامل نہ کئے جانے کے علاوہ ساؤتھ زون آرٹی اے آفس کو بھی دیگر دفاتر کی طرح کسی بھی علاقہ کے عوام کو استفادہ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں کو واقف کروایا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود اس مسئلہ پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس کے نتیجہ میں عہدیداروں کو نہ صرف عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ عوام کو شدید مشکل حالات سے گذرنا پڑرہا ہے۔ پرانے شہر میں موجود ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریک کو فوری طور پر ایم۔ پریواہن میں شامل کرتے ہوئے ساؤتھ زون آر ٹی اے آفس میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود تمام شہریوں کے لئے خدمات کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کے ساتھ پرانے شہر کے اس دفتر کو دیگر آر ٹی اے دفاتر کے مماثل بنانا چاہئے تاکہ شہر کے اس علاقہ میں موجود دفتر سے دونوں شہروں کے عوام اپنے کاموں کے لئے رجوع ہوسکیں ۔