راموجی گروپ کے چیرمین کرن کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات

راموجی گروپ کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر سی ایچ کرن اور ای وی ٹی نیٹ ورک کے سی ای او کے باپی نیڈو چودھری نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ایناڈو کی گولڈن جوبلی تقاریب اور ای ٹی وی کے 30 سال کی تکمیل کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ ایناڈو گروپ کے ذمہ داروں نے وزیراعظم نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا اور ایناڈو کے 50 سال اور ای ٹی وی کے 30 سال کی تکمیل پر یادگاری مومنٹو پیش کئے۔ سی ایچ کرن نے کہا کہ مجھے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا اور میں نے باپی نیڈو کے ہمراہ ای ٹی وی اور ایناڈو کے طویل سفر سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ایناڈو کے بانی چیرمین آنجہانی راموجی راؤ سے اپنی ملاقات کی یادوں کو تازہ کیا ۔ وزیراعظم نے ای ٹی وی کی جانب سے گجراتی میں اناداتا پروگرام کی پیشکشی کا ذکر کیا ۔کرن نے بتایا کہ چیانل کی جانب سے گجراتی میں پروگرامس کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیراعظم کو ای ٹی وی تلگو کے پروگراموں سے واقف کرایا گیا۔ راموجی گروپس کی جانب سے حال ہی میں شروع کردہ ملیٹ پر مبنی اشیاء کی تیاری سے واقف کرایا اور کہا کہ عوام کی جانب سے مثبت ردعمل حاصل ہوا ہے ۔ وزیراعظم سے درخواست کی گئی کہ وہ ملیٹ پراڈکٹس کے بارے میں اپنی رائے پیش کریں۔ وزیراعظم نے ملیٹ فارمرس کی حوصلہ افزائی پر مسرت کا اظہار کیا اور راموجی گروپس سے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ ایناڈو نے اپنے آغاز کے 50 سال مکمل کرلئے ہیں اور 10 اگست 1974 کو وشاکھاپٹنم سے ایناڈو کی اشاعت کا آغاز ہوا تھا ۔ ای ٹی وی تلگو کا 27 اگست 1995 کو آغاز ہوا اور اس کے 30 سال مکمل ہوچکے ہیں۔