شہر میں ایک بار پھر موسلادھار بارش ‘ کئی علاقے متاثر

شہر کے کئی علاقوں میں سڑکیں آج پھر جھیل اور تالابوں کا منظر پیش کر رہی تھیں کیونکہ سہ پہر کے بعد اچانک موسم تبدیل ہوگیا اور شہر میں انتہائی تیز و موسلادھار بارش سے اندرون 2 گھنٹہ ںصورتحال دگرگوں ہوگئی ۔ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور ’حیدرا‘ و بلدیہ حیدرآباد کے عملہ کو پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا۔ سہ پہر سے بارش نئے شہر میں انتہائی موسلادھار ہوئی جبکہ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ نواحی علاقوں میں انتہائی شدید موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جوبلی ہلز ‘ مہندراہلز‘ یوسف گوڑہ ‘ رحمت نگر‘ ایرہ گڈہ ‘ کرشنا نگر‘ بالا نگر ‘ صنعت نگر ‘ کوکٹ پلی ‘ بوئن پلی ‘ خیریت آباد‘ بنجارہ ہلز‘ مادھا پور‘ ہائی ٹیک سٹی ‘ گچی باؤلی ‘ اپل ‘ نانک رام گوڑہ ‘ عنبر پیٹ‘ ناچارم ‘ ویسٹ ماریڈ پلی ‘ سکندرآباد ‘ مانصاحب ٹینک‘ شیخ پیٹ ‘ گولکنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ حکیم پیٹ ‘ و کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں کے مکانات اور تجارتی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ حکیم پیٹ ‘ ٹولی چوکی میں پانی کے تیز بہاؤ کے نتیجہ میں گاڑیوں اور آٹو رکشا کے بہنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں جبکہ کرشنا نگر سے پانی کا خطرناک بہاؤ بارش رکنے کے کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ یوسف گوڑہ کے علاوہ اطراف میں بارش اور سڑکوں پر پانی کے بہاؤ سے پارک گاڑیوں کے بہہ جانے کی شکایات ملیں جبکہ امیر پیٹ مائیتری وانم کے پاس ’حیدرا‘ سے کچرے کی نکاسی کے باوجود پانی جمع ہونے کی شکایات میں کمی نہیں آئی بلکہ امیر پیٹ تا ایرہ گڈہ سڑک پر گھٹنوں پانی جمع ہوگیا تھا۔ ملک پیٹ ‘ دلسکھ ناگر‘ حیات نگر ‘ ایل بی نگر کے علاوہ ونستھلی پورم میں مسلسل بارش سے پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں۔ محبوب گنج ملک پیٹ میں بھی بارش کے سبب کئی دکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔دونوں شہروں کے و کئی اضلاع میں ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور سرسلہ میں بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی ۔ ایم ملیا نامی چرواہا جو کہ اپنی بکریوں کے ساتھ تھا کہ بجلی گرنے سے موت ہوگئی ۔ حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں میں 30تا40 کیلو میٹر کی رفتار سے ہوائوں کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں موسلادھار بارش نہیں ہوئی جبکہ تیز ہواؤں کے سبب برقی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔