آبپاشی تالابوں و کنالس کی موثر نگہداشت کیلئے عوامی کمیٹیوں کی تشکیل

TOP_20-12

وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ حکومت ریاست بھر میں واٹر یوزر اسوسی ایشنوں کے قیام پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آبپاشی تالابوں اور کنالس کی بہتر نگہداشت اور پانی کے موثر استعمال کے لئے یوزر اسوسی ایشن کے قیام کی تجویز پیش کی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں واٹر یوزر اسوسی ایشنوں کے بارے میں تجاویز طلب کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے بعد یہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو مقامی افراد پر مشتمل ہوں گی۔ چھوٹے آبپاشی پراجکٹس اور تالابوں کی بہتر نگہداشت میں یہ کمیٹیاں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسوسی ایشن کے عہدیداروں کو آبپاشی ڈپارٹمنٹ کی مدد حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مانسون کے نتیجہ میں تالابوں اور جھیلوں میں شگاف پڑنے کے واقعات پیش آئے جو نامناسب نگہداشت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر یوزر اسوی ایشن کی ذمہ داری رہے گی کہ وہ اپنے علاقہ میں موجود آبپاشی تالابوں کی موثر انداز میں نگہداشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدرنشین تلنگانہ اگریکلچرل کمیشن سے مشاورت کے بعد کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی ۔ کمیشن نے حال ہی میں وزیر آبپاشی کو شے یاددشات پیش کرتے ہوئے پانی کے استعمال تالابوں کی نگہداشت کیلئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹیوں کی تشکیل کی سفارش کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2018-19 کے بعد سے واٹر یوزر اسوسی ایشن محض کاغذی بن کر رہ چکے ہیں ۔ حکومت نئے رہنمایانہ خطوط طئے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں جھیلوں اور تالابوں کی نگہداشت کو نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے کرناٹک کی جانب سے الماٹی ڈیم کی بلندی میں اضافہ کے خلاف سپریم کورٹ میں جاری مقدمہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ڈاکٹر بی آر ایس امبیڈکر پراناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کی رپورٹ جلد تیار کی جائے ۔