آر ٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنا کانگریس حکومت کا کارنامہ

poonam-prabhakar

وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی کے خلاف بی آر ایس قائدین کے احتجاج کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے دس سالہ میں آر ٹی سی کو تباہ کردیا تھا اور اسے خانگی شعبہ کے حوالے کرنے تیاری کی جارہی تھی ۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد آر ٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے 48 گھنٹوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے انتخابی وعدہ کی تکمیل کا آغاز کیا گیا۔ خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے تحت 250 کروڑ خواتین نے تاحال آر ٹی سی میں سفر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے اور اصلاحات سے آر ٹی سی کو مالی طورپر مستحکم ادارہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مسافرین کو بہتر سہولتوں کے ساتھ آر ٹی سی کے تحفظ اور ملازمین کی بھلائی کے ایجنڈہ پر حکومت کارفرما ہے۔ بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف چلو بس بھون احتجاج کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ جس پارٹی نے گزشتہ دس برسوں میں آر ٹی سی کے استحکام پر توجہ نہیں دی، آج وہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے ۔ حیدرآباد میں مسافرین کی سہولت کیلئے 2800 نئی الیکٹرک بسوں کو متعارف کیا گیا تاکہ آلودگی پر قابو پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت 265 الیکٹرک بسوں کا اضافہ کرچکی ہے اور آئندہ تین ماہ میں مزید 275 الیکٹرک بسوں کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں بس کرایوں میں ایک پیسہ بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ الیکٹرک بسوں کیلئے دس کروڑ روپئے کی لاگت سے چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام کا منصوبہ ہے۔ مہا لکشمی اسکیم کے باوجود آر ٹی سی منافع میں چل رہی ہے اور ورکرس مطمئن ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس نے آر ٹی سی کے امیج کو متاثر کرنے کی مہم شروع کی ہے۔