امراوتی ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری میں پیشرفت

TOP_12-8

چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے امراوتی کی عالمی معیار کے شہر کے طور پر ترقی کے عہد کا اعادہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ دارالحکومت ہوا میں تعمیر نہیں کیا جاسکتا بلکہ اُس کے لئے اراضی کی ضرورت پڑتی ہے۔ چندرابابو نائیڈو امراوتی میں کیاپیٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے افتتاح کے بعد خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے گرین فیلڈ دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے اراضی فراہم کرنے والے کسانوں کی ستائش کی اور کہاکہ کسانوں کے تعاون کے نتیجہ میں نئے دارالحکومت کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض افراد نے اُنھیں 50 یا 100 ایکر اراضی پر دارالحکومت کی تعمیر کا مشورہ دیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عوام بالخصوص کسانوں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ دارالحکومت کی تعمیر ہوا میں ممکن نہیں بلکہ اِس کے لئے اراضی کا حصول ضروری ہے۔ اُنھوں نے اراضیات فراہم کرنے والے کسانوں کو مبارکباد پیش کی اور حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ کا تیقن دیا۔ امراوتی دارالحکومت کے لئے 54 ہزار ایکر اراضی کے حصول کا منصوبہ ہے جس میں سے 34281 ایکر اراضی حاصل کرلی گئی جو 29 مواضعات کے 29118 کسانوں کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے سرکاری اراضیات دستیاب تھیں لیکن امراوتی کی تعمیر کا معاملہ مختلف ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ امراوتی حیدرآباد کی ہائی ٹیک سٹی سے زیادہ مثالی ترقیاتی شہر رہے گا جہاں عالمی معیار کی تمام سہولتیں دستیاب رہیں گی۔