حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے لیے پولیس تیار

TOP_10-9

جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے لئے حیدرآباد سٹی پولیس تیار ہے اور انتخابات انتہائی شفاف طریقہ سے انعقاد کئے جائیں گے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) مسٹر تفسیر اقبال آئی پی ایس جو حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے نوڈل آفیسر بھی ہیں نے سیاست کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ماہ نومبر میں منعقد ہونے والے جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے لئے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس میں رائے دہندگان کے اعتماد کو فروغ دینا اور انتہائی محفوظ طریقہ سے انتخابات کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے لئے نیم فوجی دستوں کی 8 کمپنیاں تعینات کی جارہی ہیں جبکہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں جملہ 407 پولنگ اسٹیشنس موجود ہیں جن میں 54 کی شناخت انتہائی حساس کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد پولیس غنڈہ عناصر پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور غیر ضمانتی وارنٹس کی تعمیل بھی اولین ترجیح ہے۔ مسٹر تفسیر اقبال نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ضمنی انتخابات کے پیش نظر اسٹرائکنگ فورس، فلائینگ اسکواڈ اور اضافی پٹرولنگ پارٹیز تشکیل دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز حلقہ کے کئی علاقوں میں چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی رقومات اور شراب وغیرہ کا پتہ لگایا جاسکے۔ جوائنٹ کمشنر لا اینڈ آرڈر نے کہا کہ رائے دہی سے قبل ہی حیدرآباد سٹی پولیس حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں سختی سے لا اینڈ آرڈر کی برقراری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جس میں کسی بھی سیاسی پارٹی کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے یا پھر رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ہندوستان میں رائے دہی رائے دہندگان کے لئے عید کے جیسا ہے اور عوام اپنے ووٹ کا حق بے باکی کے ساتھ کرے اور صحیح نمائندہ کا انتخاب کریں تاکہ ان کے حلقہ کی ترقی ہوسکے۔ مسٹر تفسیر اقبال نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ رائے دہی کے بعد بھی پولیس جوبلی ہلز علاقہ میں اپنی چوکسی برقرار رکھے گی تاکہ کوئی ناگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ 13 اکتوبر سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کی تاریخ ہونے کے پیش نظر تفسیر اقبال نے بنجارہ ہلز میں واقع شیخ پیٹ تحصیلدار دفتر پہنچ کر پرچہ نامزدگی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور اپنے ماتحت عہدیداروں کو الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے دشواریاں پیش آنے پر اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن یا پھر ڈائل 100 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔