ISMAIL-HANIYEH-780x470

اسرائیلی پولیس نے بتایا ہے کہ فلسطینی تحریک حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہمشیرہ کو ‘دہشت گردی‘ سے متعلق الزامات کی تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق 57 سالہ صباح عبدالسلام ہنیہ کو اسرائیل میں داخلی سلامتی کے ذمہ دار ادارے شین بیت نے جنوبی اسرائیل کے صحرائے نقب کے تل السبع شہر میں گرفتار کیا۔ پولیس بیان کے مطابق صباح عبدالسلام پر الزام ہے کہ ان کے حماس کے کارکنوں کے ساتھ رابطے ہیں اور وہ اپنے رابطوں کو اسرائیل میں ریاست دہشت گرد سرگرمیوں پر اکسانے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ گرفتاری کے وقت حماس رہنما کی ہمشیرہ سے ایسی دستاویزات، ٹیلی فون ڈیٹا اور دیگر معلومات ملی ہیں جن سے ان کے اسرائیل کے اندر سکیورٹی نظام پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔ حراست کے بعد صباح عبدالسلام ہنیہ کو ضروری کارروائی مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ قبل ازیں اسرائیلی اخبار ’یروشلم پوسٹ‘ نے بھی نقب کے علاقے میں تل السبع سے اسماعیل ہنیہ کی ہمشیرہ کی گرفتاری کی خبر دی تھی۔