بی آر ایس ارکان اسمبلی کے انحراف کے خلاف سپریم کورٹ میں تازہ درخواست، اسپیکر کو نوٹس ، 6 فروری کو سماعت

تلنگانہ میں بی آر ایس ارکان اسمبلی کے انحراف کے مسئلہ پر بی جے پی رکن اسمبلی اے مہیشور ریڈی کی درخواست کو سپریم کورٹ نے سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کو نوٹس جاری کی ہے۔ ارکان اسمبلی انحراف سے متعلق ایک مقدمہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیر دوران ہیں، ایسے میں بی جے پی رکن اسمبلی مہیشور ریڈی نے ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی میں تاخیر کی شکایت کی ہے ۔ جسٹس سنجے کرول کی زیر قیادت بنچ نے پہلے سے زیر التواء مقدمہ سے بی جے پی رکن اسمبلی کی درخواست کو مربوط کرتے ہوئے 6 فروری کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے ۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں اسپیکر اسمبلی کو منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کیلئے آخری مہلت کے طور پر دو ہفتے کا وقت دیا ہے ۔ اسپیکر کی جانب سے 8 ہفتے کی مہلت طلب کی گئی تھی لیکن عدالت نے دو ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسپیکر فیصلہ نہیں کریں گے تو عدالت فیصلہ کرے گی۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ناگیندر نے کانگریں میں برقراری کا کھلے عام بیان دیا ہے ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد اسپیکر نے 10 ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کی تھی ، ان میں سے8 نے جواب داخل کردیا۔ اسپیکر نے سماعت کے بعد دو مراحل میں 7 ارکان اسمبلی کو انحراف کے معاملہ میں کلین چٹ دے دی ہے ۔
