لولو گروپ وشاکھاپٹنم میں میگا شاپنگ مال قائم کرے گا

چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے پہلے دن متحدہ عرب امارات کے وزیر سیاحت عبداللہ بن طوق المری سے ملاقات کی اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں آندھراپردیش کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر نے توانائی، پورٹس اور دیگر شعبہ جات میں بھی باہمی تعاون سے اتفاق کیا۔ آندھراپردیش اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاشی تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے تجارت کو فروغ دیا جائے گا اور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کئے جائیں گے۔ چندرابابو نائیڈو نے اہم شعبہ جات کی ترقی کے لئے حکومت کے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش، مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو اور آندھراپردیش کے سرکردہ عہدیدار اِس موقع پر موجود تھے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر نے آندھراپردیش کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے فوڈ کلسٹر کے قیام سے اتفاق کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے تقریباً 40 ادارے آندھراپردیش سے اشتراک کریں گے اور یادداشت مفاہمت عنقریب کی جائے گی۔ ملاقات کے موقع پر امارات کے مختلف صنعتی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے جنھوں نے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔ لولو گروپ کے سربراہ یوسف علی نے وشاکھاپٹنم میں میگا شاپنگ مال کے قیام سے اتفاق کیا۔ چندرابابو نائیڈو نے لولو گروپ اور دیگر صنعتی اداروں کو سرمایہ کاری کی صورت میں حکومت کی جانب سے بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کا یقین دلایا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر اور صنعتی سربراہوں سے چندرابابو نائیڈو کی ملاقات ثمرآور ثابت ہوئی۔ نائیڈو آئندہ 3 دنوں میں مزید سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے۔
