کے ٹی آر کی فارم ہاؤز میں کے سی آر سے ملاقات

ktr-and-kcr

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے پارٹی کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ایراویلی فارم ہاؤز میں ملاقات کی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال راجیہ سبھا کے انتخابات اور اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ملاقات میں آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کے پیش نظر عددی طاقت ممکنہ امیدواروں کے انتخاب اور سیاسی مساوات پر غور کیا گیا ۔ کے سی آر نے کے ٹی آر کو انتخابی حکمت عملی کے سلسلہ میں چند اہم ہدایات دیں اور مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی ۔ عوام مسائل کو موثر انداز میں اٹھانے ، حکومت کو گھیرنے اور پارٹی کی آواز کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف عوامی مسائل پر دونوں ایوانوں اسمبلی اور کونسل میں مباحث کیلئے ہریش راؤ کے بشمول پارٹی کے دیگر سینئر ارکان اسمبلی کو ذمہ داری دینے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات میں پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط بنانے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ پارٹی کیڈر کو عوامی مسائل ، وعدوں کی عدم عمل آوری ، موجودہ فلاحی اسکیمات تعطل کا شکار ہونے، شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کے خلاف پارٹی کیڈر کو متاثرین کے ساتھ کھڑے رہنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ۔ ساتھ ہی مجوزہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات پر بھی غور کیا گیا ۔ پارٹی حلقوں میں اس ملاقات کو بی آر ایس کی آئندہ سیاسی سرگرمیوں کیلئے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔