وزیر اعظم مودی کا آئندہ ماہ دورۂ تلنگانہ

22last_1

وزیر اعظم نریندر مودی توقع ہے کہ اپریل میں تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے بعض ترقیاتی پراجکٹس کا سنگ بنیاد اور افتتاح انجام دیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اپریل کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں تلنگانہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔ ریاست سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار نے مرکزی پراجکٹس کے آغاز کے لئے وزیر اعظم سے دورہ کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاملناڈو اور کیرالا کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی مہم میں حصہ لینے کے دوران وزیر اعظم تلنگانہ کے دورہ کو قطعیت دیں گے۔ کئی اہم پراجکٹس کے آغاز کے علاوہ نریندر مودی بی بی نگر میں تعمیر کردہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کا دورہ کرسکتے ہیں۔ وزیر اعظم ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے تحت ایم ایم ٹی ایس خدمات کو بھونگیر تک توسیع دی جائے گی۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ بی جے پی کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں بڑے جلسہ عام کی تیاریاں ہیں۔