اراضی تنازعہ میں رکن اسمبلی کی جانب سے بھاری رقم کا مطالبہ

Pp36

اراضی تنازعات اور خاص طور پر رئیل اسٹیٹ معاملات میں سیاسی قائدین کی مداخلت سے ہر کوئی واقف ہے لیکن ان دنوں سوشیل میڈیا میں ایک آڈیو تیزی سے وائرل ہوا جس میں خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو بلڈرس سے بھاری رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ۔ وائرل آڈیو کی اگرچہ کسی آزادانہ ذرائع سے توثیق نہیں ہوئی اور نہ ہی رکن اسمبلی نے وائرل آڈیو کے خلاف کوئی مقدمہ درج کرایا ہے لیکن آڈیو میں رکن اسمبلی اور بلڈرس کے درمیان بات چیت واضح طور پر سنی جاسکتی ہے۔ کنگ کوٹھی کے علاقہ میں ایک اراضی پر بلڈرس کی جانب سے تعمیر کو حکام کی منظوری دلانے کیلئے تقریباً دو کروڑ کا مطالبہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی افراد نے یہ کہتے ہوئے تعمیری کاموں کی مخالفت کی کہ یہ سرکاری اراضی ہے جبکہ بلڈرس کا دعویٰ ہے کہ اراضی غیر سرکاری ہے۔ وائرل آڈیو میں رکن اسمبلی کی جانب سے 25 لاکھ روپئے کی وصولی کا بھی تذکر ہ ہے اور ایک مرحلہ پر رکن اسمبلی اپنے حامیوں کو فون کرتے ہوئے رقم واپس کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں ۔ آڈیو میں بلڈرس اور رکن اسمبلی کے درمیان 12,000 گز تعمیر کئے جانے والے کامپلکس کے تنازعہ پر تفصیلی بات چیت ہے اور بلڈرس کے اصرار پر رکن اسمبلی نے ضلع کلکٹر کے ذریعہ تنازعہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں مہلت طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ وائرل آڈیو کے سلسلہ میں رکن اسمبلی کی جانب سے ابھی تک کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔