تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے مہم

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گورنر شیوپرتاپ شکلا کو تعلیمی اداروں کو منشیات کی سرگرمیوں سے پاک کرنے حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو اور رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی کے ہمراہ ملاقات میں تعلیمی شعبہ و ریاست کے دیگر امور پر بات کی گئی۔ گورنر نے تجویز پیش کی کہ تعلیمی اداروں کو منشیات اور تمباکو جیسی لعنت سے نجات دلانے اور کنٹرول کیلئے شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف طلبہ سے حلفنامہ حاصل کیا جائے تاکہ اس لعنت پر قابو پایا جاسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 12 جون کو لال بہادر اسٹیڈیم میں منشیات کے خلاف شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جائیگا جس میں گورنر شیوپرتاپ شکلا شرکت کرینگے۔ گورنر نے تجویز پیش کی کہ اسکولوں اور کالجس میں داخلے کے وقت منشیات سے دور رہنے سے متعلق طلبہ سے حلف نامہ حاصل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گورنر کی تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے عمل آوری کی جائے گی۔
