فلاحی اسکیمات سے اقلیتوں کو مؤثر انداز میں استفادہ کا مشورہ

اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے فلاحی اسکیمات سے متعلق شعور بیداری کے لئے آج پرانے شہر کے اُردو مسکن میں پروگرام منعقد کیا گیا۔ حکومت کے 99 روزہ پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام کے تحت ایک ہفتے میں فلاحی اسکیمات سے متعلق شعور بیداری مہم ریاست گیر سطح پر چلائی جائے گی۔ پرانے شہر کے اقلیتی نوجوانوں کو کارپوریشن کی اسکیمات سے واقف کرانے محکمہ اقلیتی بہبود کے اشتراک سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ صدرنشین کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال، رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی، کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا داسری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ صدرنشین کارپوریشن نے کہاکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کی جارہی ہے اور اقلیتوں کو اسکیمات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہئے۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت جونیر کالجس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انٹرمیڈیٹ طلبہ کو تہنیت پیش کی گئی اور اُنھیں یادگاری مومنٹو پیش کیا گیا۔ عبیداللہ کوتوال نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ مرکوز کریں۔ اِس موقع پر مستحق اور غریب اقلیتی خواتین میں سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اقلیتی خواتین اِس اسکیم کے تحت روزانہ 500 تا 600 روپئے کی کمائی کرسکتی ہیں۔ کلکٹر ہری چندنا داسری نے کہاکہ فلاحی اسکیمات کی مؤثر انداز میں تشہیر کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی سطح پر نوجوانوں اور خواتین کے لئے کئی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدیداروں کے علاوہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر الیاس احمد اور دوسروں نے شرکت کی۔
