امریکہ کی چینی آئل ریفائنری پر ایرانی تیل خریدنے پر پابندی

america-ne-chini-oil

امریکہ نے چین کی ایک بڑی آئل ریفائنری پر ایران سے کروڑوں ڈالرز کا تیل خریدنے کے الزام میں پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی ہینگلی پیٹروکیمیکل ریفائنری ایران کی اہم خریدار رہی ہے اور اس کے ذریعے ایرانی فوج کو بڑی مالی مدد ملی۔ امریکہ نے اس کے ساتھ ہی تقریباً 40 شپنگ کمپنیوں اور جہازوں پر بھی پابندیاں لگائی ہیں جن پر ایران کے خفیہ تیل نیٹ ورک کا حصہ ہونے کا الزام ہے۔ دوسری جانب چین نے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ تجارت کو سیاسی ہتھیار اور چینی کمپنیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چین اپنی ضرورت کا بڑا حصہ مشرقِ وسطیٰ سے حاصل کرتا ہے اور گزشتہ سال ایران کے 80 فیصد سے زائد برآمدی تیل کا خریدار رہا ہے۔ ادھر امریکہ نے 13 اپریل سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے تاکہ ایران کی تیل کی آمدنی کو محدود کیا جا سکے۔