قلت آب سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کی ہدایت

حلقہ اسمبلی بودھن و بانسواڑہ میں محفوظ پینے کے پانی کی موثر سربراہی اور موسمِ گرما کے دوران ایکشن پلان پر ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی کے زیر صدارت جائزہ اجلاس کا سب کلکٹر افس بودھن میں انعقاد عمل میں آیا۔ اس اجلاس میں شریک عہدیداروں کو ضلع کلکٹر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا موسم گرما کے دوران پانی کی قلت سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، اور سرکاری سطح پر موجود آباد ی اور گھروں اور نل ( ٹیپ) کنکشن کی تفصیلات کو اپڈیٹ کر کے مؤثر منصوبہ بندی کے ساتھ محفوظ کرنے کی ہدایت دی۔جہاں پانی کی شدید قلت ہو وہاں ٹینکروں کے ذریعے پانی سربراہ کرنے اور ان متاثرہ دیہاتوں کی آبی ضروریات پر نگرانی پر خصوصی توجہ دینے کی کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس اجلاس میں سب کلکٹر بودھن ویکاس میاتھو کے علاوہ دیگر عہدیداران و دونوں حلقوں کے واٹر سپلائی انجینئرز نے شرکت کی۔
