مردم شماری کیلئے خود اندراج کی سہولت سے استفادہ کرنے کلکٹر کی اپیل

TOP_5-20

حکومت ہند کی جانب سے ہر دس سال بعد منعقد ہونے والے قومی مردم شماری پروگرام 2027 کے آغاز کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مرتبہ متعارف کردہ ڈیجیٹل سیلف اینیومریشن (خود اندراج) کی آن لائن سہولت سے بھرپور استفادہ کریں، ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے کلکٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے تحت تیار کردہ اس سہولت کے ذریعے عوام اپنے مکانات کی تفصیلات اور خاندان کے افراد سے متعلق معلومات آسانی کے ساتھ آن لائن درج کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک خصوصی ویب پورٹل se.census.gov.in فراہم کیا ہے، جہاں صارفین اپنی پسندیدہ زبان کا انتخاب کرتے ہوئے موبائل نمبر کے ذریعہ او ٹی پی OTP کی مدد سے لاگ اِن LOGIN ہو سکتے ہیں۔ اس کے بعد ضلع، پن کوڈ اور دیہات کی تفصیلات منتخب کر کے نقشے پر اپنی رہائش کی نشاندہی کرنی ہوگی اور دیے گئے سوالات کے جوابات درج کر کے معلومات جمع کرانی ہوں گی، آخر میں موصول ہونے والا سیلف اینیومریشن آئی ڈی محفوظ رکھنا ضروری ہوگا۔ کلکٹر نے وضاحت کی کہ مردم شماری کے عمل میں مکان کی نوعیت، رہائشی سہولتیں، افراد کی تعداد، بجلی، پانی کے ذرائع، بیت الخلاء کی سہولت، کھانا پکانے کے ایندھن، انٹرنیٹ کے استعمال اور گاڑیوں سے متعلق اہم معلومات شامل کی جائیں گی۔ تاہم آن لائن اندراج کے باوجود سرکاری اینیومریٹرز ہر گھر کا دورہ کر کے معلومات کی تصدیق کریں گے، اس موقع پر عوام کو چاہیے کہ وہ اپنا ایس ای آئی ڈی دکھا کر تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے ذریعے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر سرکاری اسکیمات اور ترقیاتی پروگراموں کو مزید مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے گا، لہٰذا ہر خاندان اس عمل میں لازمی شرکت کرے اور درست معلومات فراہم کرے۔