جیفری ایپسٹین کی لندن کے فلیٹس میں خواتین سے بدسلوکی کا انکشاف

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی سزا یافتہ مجرم جیفری ایپسٹین نے لندن کے مختلف فلیٹس میں خواتین کو رکھ کر ان کا استحصال کیا۔ رپورٹ کے مطابق ایپسٹین نے کینسنگٹن اور چیلسی کے علاقوں میں کم از کم 4 فلیٹس کرائے پر حاصل کیے جہاں متاثرہ خواتین کو رکھا جاتا تھا۔ یہ معلومات مبینہ طور پر ایپسٹین فائلز سے حاصل کی گئی ہیں، جبکہ ان فلیٹس میں رہنے والی کم از کم 6 خواتین نے سامنے آ کر خود کو متاثرہ قرار دیا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بعض خواتین کو دباؤ ڈال کر ایپسٹین کے نیٹ ورک کیلئے مزید لڑکیوں کو بھرتی کرنے پر مجبور کیا گیا، متاثرہ خواتین کو پیرس لے جانے کیلئے ٹرین سروس یورو اسٹار کے ذریعہ سفر کروایا جاتا تھا اور ریکارڈ کے مطابق 2011ء سے 2019ء کے دوران کم از کم 53 ٹکٹ خریدے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ایپسٹین خواتین سے سوشل میڈیا اور اسکائپ کے ذریعہ مسلسل رابطہ میں رہتا تھا، حتیٰ کہ اپنی غیر موجودگی میں بھی وہ ان پر اثر انداز رہتا تھا۔ فلیٹس کا کرایہ، اخراجات، ویزا اور دیگر سہولتیں بھی ان خواتین کو فراہم کی جاتی تھیں، تاہم ان رہائش گاہوں میں گنجائش سے زیادہ افراد رکھے جاتے تھے جس کے باعث بعض خواتین کو صوفوں پر سونا پڑتا تھا۔
