کویتا کی نئی سیاسی پارٹی ’ ٹی آر ایس ‘ کو الیکشن کمیشن کی منظوری

Pp46

تلنگانہ کی سیاست میں ایک بار پھر ’ ٹی آر ایس ‘ (TRS) کا نام گونجنے والا ہے ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے کلوا کنٹلا کویتا کی قیادت میں نو تشکیل شدہ سیاسی جماعت تلنگانہ رکشنا سینا کی رجسٹریشن کو باقاعدہ طور پر منظوری دے دی ہے ۔ الیکشن کمیشن کی اس منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے کویتا نے سوشیل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا اور ایک دلچسپ انکشاف کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری 2026 میں الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق پانچ مختلف ناموں کی فہرست دی گئی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے ان میں سے تیسرے نمبر پر موجود نام ’ تلنگانہ رکشنا سینا ‘ کو منتخب کیا ۔ جس کا ( Abbreviation ) ایک بار پھر TRS بنتا ہے ۔ کویتا نے اس کو ایک خوشگوار اتفاق قرار دیا ۔ اپنے ٹوئیٹ میں کویتا نے تلنگانہ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا میں تلنگانہ کی ثقافت اور احیاء کے لیے گزشتہ دو دہائیوں سے کوشاں ہوں اور مستقبل میں بھی تلنگانہ کے وجود اور حقوق کی بقاء کے لیے اپنی لگن برقرا رکھوں گی ۔ واضح رہے کہ کویتا کی جانب سے سنٹرل الیکشن کمیشن کو درج ذیل پانچ ناموں کی ترجیحی فہرست روانہ کی گئی تھی ۔ ان میں تلنگانہ پرجا جاگروتی ، تلنگانہ جاگروتی ، تلنگانہ رکشنا سینا ( منظور شدہ ) ، تلنگانہ راشٹرا جاگروتی ، تلنگانہ پرجاسکتی شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ 25 اپریل کو میڑچل کے ایک اڈواہا کنونش میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام میں اس نئی سیاسی سمت کا اشارہ دیا گیا تھا اب باقاعدہ منظوری کے بعد پارٹی کارکنوں اور قائدین میں جشن کا ماحول ہے ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے نام کی واپسی کویتا کے لیے جذباتی اور سیاسی طور پر انتہائی سود مند ثابت ہوسکتی ہے ۔۔