کیا اتوار کو پٹرول پمپ بند رہیں گے، 8 بڑی ریاستوں میں تجربہ؟

Pp15

ملک میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی مانگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے ایک بڑے اور اہم فیصلے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک کی 8 بڑی ریاستوں میں تجرباتی طور پر 14 مئی سے ہر اتوار کو پٹرول پمپ بند رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایندھن کی بچت کے تعلق سے خود ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اپنے قافلے میں گاڑیوں کی تعداد محدود کردی ہے تاکہ ایندھن کی بچت کی جاسکے ۔ وزیر اعظم کے اس اقدام کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے اور اب اسے عوامی سطح پر نافذ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اتوار کے دن پٹرول پمپ بند رکھنے کا مقصد گاڑیوں کا استعمال کم کرنا ہے تاکہ کاربن کے اخراج کو کم کرکے ماحول کو بہتر بنایا جاسکے۔ یہ قوانین ابتدائی طور پر منتخب کردہ 8 ریاستوں میں نافذ کئے جانے کا امکان ہے۔ ماہرین ماحولیات نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعظم کے نقش قدم پر چلیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ساتھ ہی ایندھن بچانے میں تعاون کریں۔ اگرچہ کہ سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں اتوار کو پٹرول پمپ بند رہنے کی خبریں گردش کررہی ہیں لیکن ابھی تک مرکزی حکومت، وزارت پٹرولیم یا تیل کمپنیوں کی جانب سے کوئی باضابطہ سرکلر جاری نہیں کیا گیا ہے۔ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے قریبی پٹرول اسٹیشنس سے تازہ ترین صورتحال معلوم کریں۔ فی الحال یہ ایک تجویز ہے جس پر حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔