بھٹی وکرمارکا کی نئی دہلی میں مرکزی وزیر کشن ریڈی سے ملاقات

12-copy

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سنگارینی کالریز لمٹیڈ کے ترقیاتی منصوبہ ، کوئلہ کی کانکنی میں اضافہ ، نئی کانوں کے الاٹمنٹ اور تاڑی چرلہ کول بلاک 2 کی لیز جیسے امور پر بات چیت کی گئی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کوئلہ کو صرف برقی کی تیاری کیلئے استعمال کرنے کے بجائے مستقبل کی صنعتی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی حکومت کوئلہ کی کانکنی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ، لہذا سنگارینی کالریز کی سرگرمیوں کو وسعت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے سنگارینی کالریز کو عصری ٹکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے کانکنی میں اضافہ اور کمپنی کی آمدنی اور مالی موقف کو بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سنگارینی کالریز جنوبی ریاستوں کی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ مستقبل میں صنعتی ترقی میں اہم رول ادا کرے گی۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے سنگارینی کالریز کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور نئے کول بلاکس کے الاٹمنٹ کے بارے میں حکومت کی تجاویز پر غور کا تیقن دیا۔ ملاقات کے دوران تلنگانہ کے زیر التواء ترقیاتی پراجکٹس کے لئے مرکز سے فنڈس کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا۔