تلنگانہ میں کانگریس حکومت بی آر ایس سے زیادہ غریبوں کیلئے مکانات تعمیر کرے گی

10-copy-3

ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کے حالیہ بیانات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں ایک کھلا اور سنسنی خیز سیاسی چیلنج کردیا۔ حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سرینواس ریڈی نے کے ٹی آر کے الزامات کو یکسر مسترد کیا اور چیلنج کیا کہ بی آر ایس کے قائد یہ ثابت کردیں کہ پچھلی حکومت نے شہر حیدرآباد میں غریبوں کیلئے اندراماں اسکیم کے تحت گھر بناکر دیئے ہیں تو وہ ہمیشہ کیلئے سیاست سے سنیاس لے لیںگے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنے دور اقتدار میں جی ایچ ایم سی کے حدود میں بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت سے کہیں زیادہ مکانات غریبوں کے لئے تعمیر کر کے دکھائے گی۔ ریاستی وزیر نے بی آر ایس حکومت کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ پچھلی حکومت کے دور میں ہاؤزنگ ڈپارٹمنٹ کو مکمل طورپر مفلوج اور ختم کردیا گیا تھا اور غریبوں کے چھت کے خواب کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت محض اپنے ڈھائی سالہ دور حکومت میں پچھلی حکومت کے 10 سال کے مقابلہ زیادہ مکانات بناکر ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گی۔ انہوں نے کے ٹی آر کو للکارتے ہوئے پوچھا کہ اگر ہماری حکومت بی آر ایس سے زیادہ مکانات تعمیر کرنے کا اپنا یہ چیلنج پورا کردیتی ہے تو کیا کے ٹی آر آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے اور سیاست سے دستبردار ہوجانے کیلئے تیار ہے ؟ پی سرینواس ریڈی نے حکومت کے مستقبل کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کانگریس حکومت اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر میں کسی بھی قسم کی سیاسی یا ذاتی جانبداری سے کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ کو ایک یونٹ کے طور پر لیا جائے گا اور جن علاقوں میں بھی غریب اور بے گھر لوگ رہتے ہیں، انہیں بغیر کسی پارٹی ، ذات پات یا برادری کے تفریق کے بغیر مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو چھت فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت ہر قسم کے اخراجات اور مالی قیمت برداشت کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کو تاریخی ویژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس صرف سوشیل میڈیا پر پروپگنڈہ کرنا جانتی ہے جبکہ کانگریس حکومت زمینی سطح پر کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔