طالبات ، سماجی ذمہ داریوں کو بھی زندگی کا حصہ بنائیں

TOP_2-17

ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ زمانہ طالب علمی ہی سے قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیں اور خود اعتمادی کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوری اقدار، بہتر فیصلہ سازی اور سماجی شعور کی تشکیل میں نوجوان نسل بالخصوص طالبات کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ خواتین ہفتہ تقریبات کے سلسلہ میں ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ ’’ماک پارلیمنٹ‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔’’پرجا پالنا ۔پرگتی پرنالیکا‘‘ کے تحت 99 روزہ عملی پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر منعقدہ اس تقریب میں ضلع بھر کے مختلف سرکاری اسکولوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والی طالبات نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزیر اعلیٰ، وزراء، ارکان اسمبلی اور قائدین اپوزیشن کے کردار ادا کرتے ہوئے پارلیمانی کارروائی کی بھرپور عکاسی کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈی سی پی شبھم نگرالے، مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی عہدیداران، اساتذہ، والدین اور طالبات نے شرکت کی۔کلکٹر نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار، نظم و ضبط، ثقافتی روایات کے احترام اور سماجی ذمہ داریوں کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے متعدد فلاحی پروگرام نافذ کر رہی ہے، جن سے استفادہ کرتے ہوئے طالبات اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتی ہیں۔انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ فونز اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کو تعلیمی اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے اور غیر ضروری سرگرمیوں میں وقت ضائع کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ایلا ترپاٹھی نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ لڑکوں اور لڑکیوں میں کسی قسم کا امتیاز روا نہ رکھیں اور اپنی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں اعلیٰ شرح خواندگی کی ایک بڑی وجہ والدین کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم کو دی جانے والی اہمیت ہے اور اسی جذبے کے ساتھ تلنگانہ میں بھی شرح خواندگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ تقریب کے دوران طالبات نے زمینی سطح پر درپیش مختلف مسائل اور دشواریوں کی نشاندہی کی، جس پر کلکٹر نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے مناسب اقدامات کا یقین دلایا۔