سنگارینی کالریز کے 45 ملازمین کے خاندانوں میں حادثاتی انشورنس رقم کی تقسیم

31last

سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ میں حادثاتی انشورنس کے تحت ایک کروڑ ادائیگی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ کانگریس حکومت کی جانب سے متعارف کی گئی اس اسکیم سے ابھی تک 45 سے زائد خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔ سنگارینی کالریز ہندوستان کا واحد عوامی ادارہ ہے جس میں ملازمین کے لئے حادثاتی انشورنس متعارف کیا ہے۔ جزوی یا مستقل طور پر معذوری اور قدرتی موت کی صورت میں 10 تا 15 لاکھ روپے انشورنس کی گنجائش ہے۔ حکومت نے حال ہی میں 50 لاکھ روپے کی ہیلت انشورنس اسکیم بھی متعارف کی ہے۔ انشورنس بینیفٹس کے طور پر 41 کروڑ جاری کئے گئے۔ سنگارینی کالریز کے ملازم این راجیہ کی موت پر ان کے فرزند سنتوش کو کمپنی میں ملازمت دی گئی۔ کمپنی میں محض 18 ماہ کی خدمات کے بعد سنتوش کی سڑک حادثہ میں موت واقع ہوئی۔ اس خاندان کو حکومت کی حادثاتی انشورنس اسکیم سے فائدہ پہنچا۔ ایک اور ملازم رنجیت کمار کے افراد خاندان کو بھی حادثاتی انشورنس کے طور پر ایک کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے چیک حوالے کیا۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران کمپنی کے 40 سے زائد ملازمین کے افراد خاندان کو اس اسکیم سے فائدہ ہوا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے 2024 میں حادثاتی انشورنس اسکیم متعارف کی۔ پنجاب نیشنل بینک، بینک آف بروڈا اور انڈین اورسیس بینک کی جانب سے حادثاتی انشورنس 1.25 کروڑ جبکہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا، یونین بینک آف انڈیا اور کنارا بینک کی جانب سے ایک کروڑ روپے انشورنس کے طور پر ادا کئے جارہے ہیں۔ سنگارینی کالریز سے مختلف بینکوں کے ذریعہ 40275 ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے گزشتہ دو برسوں میں 32 خاندانوں میں 28 کروڑ تقسیم کئے جبکہ یونین بینک آف انڈیا نے 13 خاندانوں کو 13 کروڑ ادا کئے ہیں۔ ملازمین کی جانب سے حکومت کی اسکیم کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔