تلنگانہ میں /23 جون سے مانسون کی بارش کا امکان

تلنگانہ میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ 23 جون سے ہونے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ 23جون سے شروع ہونے والی بارشیں زرعی سرگرمیوں کے لئے سود مند اور فائدہ بخش ثابت ہوں گی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں 23 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے گذشتہ دنوں کی گئی پیش قیاسی میں دعویٰ کیا تھا کہ 17 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا بعد ازاں ریاست میں گرمی کی لہر کی پیش قیاسی کرتے ہوئے 19 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن اب کہا جارہاہے کہ 23 جون سے ریاست تلنگانہ ‘ اوڈیشہ ‘ جھارکھنڈ ‘ بہار اورآندھراپردیش میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بارشوں کا انتظار کر رہے عوام کے لئے بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی یہ پیش قیاسی خوشخبری سے کم نہیں ہے کیونکہ دونوں شہروں میں بھی مانسون کی آمد کے باوجود بارش نہ ہونے اور گرمی کی شدت میں اضافہ کے نتیجہ میں شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں زرعی مزدور اورکسان بارش نہ ہونے کے سبب انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنے پر مجبور ہونے لگے ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی کے مطابق ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں 23 جون سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ موسم باراں کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے 17 جون تا 20جون کے درمیان ہلکی ‘ تیز اور موسلادھار بارشوں کے سلسلہ میں جاری کی گئی اپنی پیش قیاسی کے سلسلہ میں کہا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کی جانے والی پیش قیاسی دراصل مطلع میں رونما ہونے والی تبدیلی کو دیکھتے ہوئے کی جاتی ہے اور بیشتر مقامات پر محکمہ موسمیات اور ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی درست ثابت ہوتی ہے لیکن کئی مقامات پر درست ثابت نہ ہونے پر مکمل پیش قیاسی کو غیر درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔
