SIR مہم پر عوامی نمائندوں اور قائدین کے ساتھ میناکشی نٹراجن کا آج زوم اجلاس

تلنگانہ میں 25 جون سے شروع ہونے والی فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم پر کانگریس پارٹی نے توجہ مرکوز کی ہے۔ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر قائدین اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے اجلاسوں کے انعقاد کے بعد جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے کل 24 جون کو اہم قائدین کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، پارلیمنٹ حلقہ جات کے انچارجس، اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس اور کوآرڈی نیٹرس زوم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، سکریٹری اے آئی سی سی سچن ساونت اور اضلاع کے انچارج وزراء بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ پارٹی نے ایس آئی آر مہم کے دوران کانگریس کے حامیوں کے ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے حذف ہونے سے بچانے کا فیصلہ کیا ہے۔
