تلنگانہ کے لیے 3 بلٹ ٹرین کوریڈورس منظور، اشونی ویشنو

p16

مرکزی وزیر ریلوے و آئی ٹی اشونی ویشنو نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک بھر میں 7 نئے بلٹ ٹرین کوریڈورس کو منظوری دی ہے جن میں 3 بلٹ ٹرین کوریڈورس تلنگانہ کو دیئے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت حیدرآباد سے بنگلور اور حیدرآباد سے ممبئی کیلئے تیز رفتار بلٹ ٹرین کویڈورس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ حیدرآباد کے HICC میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے ہمراہ ’’وکست بھارت 2047ء میں ٹیکنالوجی کا کردار‘‘ پر کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملک کی پہلی ممبئی، احمدآباد بلٹ ٹرین آئندہ سال سے باقاعدہ شروع ہونے جارہی ہے۔ تلنگانہ کے ساتھ ریلوے میدان میں ہونے والی ترقی کا نقشہ پیش کرتے ہوئے اشونی ویشنو نے کہا مرکز کی مودی حکومت نے تلنگانہ کے ریلوے بجٹ میں خاطرخواہ اور تاریخی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے سابقہ یو پی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دورحکومت میں مشترکہ آندھراپردیش کو صرف 880 کروڑ روپئے کا ریلوے بجٹ دیا تھا جبکہ آج مودی حکومت صرف تلنگانہ ریاست پر 5000 کروڑ روپئے سے زائد خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عالمی معیار کے مطابق جدید بنایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے مزید 40 ریلوے اسٹیشنس کی جدیدکاری کیلئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے فخر سے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی ٹرین ہندوستان کے ’’وندے بھارت‘‘ کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ ٹیکنالوجی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے بتایا کہ مرکز نے تلنگانہ کو 4 بڑی الیکٹرانکس صنعتوں کی اجازت دی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں منظور شدہ 3 ہائی ٹیک سیمی کنڈکٹر انڈسٹریز میں ایک نے تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے جو ریاست کے نوجوانوں کیلئے روزگار کا بڑا ذریعہ بنے گا۔