شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم میں بڑی تبدیلی کی تیاری

ریاستی حکومت کی باوقار فلاحی اسکیمات شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی کے تحت ملنے والی مالی امداد کے منتظر غریب خاندانوں کیلئے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔ موجودہ پالیسی کے مطابق لڑکی کی جانب سے شادی کے بعد اس اسکیم کیلئے آن لائن درخواست دی جاتی ہے جس کے بعد ایم آر او اور آر ڈی او سطح پر تفصیلات کی جانچ کی جاتی ہے۔ مقامی ایم ایل اے کی حتمی منظوری کے بعد درخواست گزاروں کو چیک کی شکل میں امداد فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم اب یہ تصدیقی عمل درخواست گزاروں کیلئے شدید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔ اس عمل میں کافی تاخیر ہورہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں درخواستیں ایک سال سے زائد عرصہ سے زیرالتواء ہیں، حکام کا کہنا ہیکہ روزمرہ کی انتظامی ذمہ داریوں، دیگر فلاحی اسکیمات، مردم شماری، ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی جیسے کاموں کے بھاری دباؤ کی وجہ سے وہ بروقت تصدیق نہیں کرپارہے ہیں۔ موجودہ نظام میں ایک بڑا مسئلہ یہ سامنے آیا ہیکہ جب تک تمام سرکاری مراحل اور عوامی نمائندوں کے ذریعہ چیک مستحقین کے حوالے کئے جاتے ہیں، تب تک کئی بار چیکس کی میعاد (Validity) ہی ختم ہوجاتی ہے۔ حال ہی میں ایک وزیر کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے چیک کی میعاد ختم ہونے کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ اس سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت اب چیک کے نظام کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے بجائے امدادی رقم کو براہ راست فائدہ اٹھانے والوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کرنے (Direct Benefit Transfer) “DBT” کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہیکہ بینک کھاتوں میں راست رقم منتقل کرنے سے چیکس کی پرنٹنگ، ٹرانسپورٹیشن اور آڈیٹنگ جیسے پیچیدہ مسائل خودبخود ختم ہوجائیں گے۔ درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے کیلئے حکومت ایک مخصوص اور نیا پورٹل متعارف کرانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ حکومت کے اس ممکنہ فیصلے سے جہاں غریب خاندانوں کو بروقت امداد مل سکے گی وہیں دفتری چکروں اور چیک کی میعاد ختم ہونے جیسے مسائل سے بھی ہمیشہ کے لیے نجات ملنے کی امید ہے۔
