SIR فارمس ادخال کی تاریخ میں توسیع کا امکان

تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کے عمل کی سست رفتاری کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے فارمس کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کا امکان ہے۔ اسٹیٹ الیکٹورل آفس کے ذرائع کے مطابق چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے تلنگانہ میں جاری مہم کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو روانہ کی اور انومریشن فارمس کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے بی ایل اوز کی کارکردگی اور عوام کی جانب سے فارمس کے ادخال کی تفصیلات روانہ کرتے ہوئے 24 جولائی کی مہلت میں توسیع کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا سدرشن ریڈی کی رپورٹ کی بنیاد پر جلد ہی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کرے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ الیکشن کمیشن ایک ہفتہ کی توسیع دے سکتا ہے۔ سدرشن ریڈی نے واضح کردیا کہ تاریخ میں توسیع کا معاملہ الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے۔ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں عوام کو فارمس حاصل نہ ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ 1؍F
SIR مہم میں حصہ لینے کیلئے غیر مقیم ہندوستانیوں کی وطن واپسی
فضائی کرائیوں میں اضافہ، ہندوستانی شہریت ثابت کرنا اہم مقصد
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی SIR مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ناموں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے غیر مقیم ہندوستانی وطن واپسی میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ خلیجی ممالک کے علاوہ امریکہ اور دیگر ممالک میں موجود غیر مقیم ہندوستانی کثیر تعداد میں وطن واپس ہو رہے ہیں تاکہ SIR مہم میں اپنے نام کی شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے ہندوستانی شہریت ثابت کی جاسکے۔ مہم کے تحت 24 جولائی تک رائے دہندوں کو انومریشن فارمس جمع کرنے ہیں لہذا زائد قیمت پر فضائی ٹکٹ حاصل کرتے ہوئے غیر مقیم ہندوستانی وطن واپسی کررہے ہیں۔ فہرست میں نام کی شمولیت کے لئے ہر شخص کو فارم داخل کرنا یا پھر آن لائن سبمٹ کرنا ضروری ہے۔ غیر مقیم ہندوستانی جن کے نام 2002 کی فہرست میں نہیں ہے انہیں درکار دستاویزات کے ساتھ فارم داخل کرنا ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک سے فضائی کرائے میں اچانک اضافہ ہوگیا کیونکہ ہندوستانی عوام فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے وطن واپسی کررہے ہیں۔ ایئر لائنس کمپنیوں نے مسافرین کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے فضائی کرائے کو بڑھا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے این آر آئیز کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تاکہ وہ اگر چاہیں تو اپنے موجودہ مقامات سے درخواستوں کو آن لائن داخل کرسکیں۔ اکثر این آر آئیز کو وطن واپسی کے ذریعہ فارمس کے ادخال میں مصروف دیکھا گیا۔
