سی جے پی کے ’ چلو پارلیمنٹ ‘ مارچ کی حمایت ‘ شہر میں دھرنا

19_ppp12

کاکروچ جنتا پارٹی کے ’چلو پارلیمنٹ ‘ مارچ کی حمایت اور طلبہ حقوق کے تحفظ و مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرکے بھوک ہڑتال کر رہے سونم وانگ چوک کو دواخانہ منتقل کرنے کے خلاف ’دھرنا چوک ‘ پر احتجاج کرکے طلبہ برادری نے 20 جولائی کو ’چلو پارلیمنٹ‘ سے اظہار یگانگت کا اعلان کیا مختلف طلبہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے دھرنا چوک پر مظاہرہ کے دوران مرکزی حکومت کی ہٹ دھرمی اورطلبہ برادری کو نشانہ بنانے پر احتجاج کرکے کہا کہ اگر حکومت ان کے مطالبات کو پورا نہیں کرتی تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ نوجوانوں اورطلبہ نے اعلان کیا کہ اگر سونم وانگ چوک کو پارلیمنٹ مارچ سے روکا گیا تو تمام شہروں میں احتجاجی مارچ نکالے جائیں گے ۔ سونم وانگ چوک نے ’جنتر منتر‘ سے منتقلی سے قبل ویڈیو میں 20جولائی کو ’چلو پارلیمنٹ‘ مارچ کا اعلان کرکے طلبہ سے اپیل کی تھی کہ وہ جہاں ہیں وہیں مارچ کریں ۔ دھرنے میں کارکنوں اور ذمہ داروں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ کی بیشتر جامعات میں 20 جولائی کو مرکز کے خلاف مظاہرہ کیا جائیگا ۔شرکاء نے کہا کہ اگر سونم وانگ چوک کو پارلیمنٹ مارچ سے روکنا کامیابی تصور کر رہی ہے تو یہ حکومت کی خام خیالی ہے۔ محترمہ خالدہ پروین نے کہا کہ گذشتہ 22 یوم سے اس مہم کو پر امن بنائے رکھنے میں طلبہ کامیاب رہے ہیں وہ دلیل ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل کی فکر ہے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وہ 71 سالہ بزرگ ہونے کے باوجود ان کے ساتھ ہیں۔