’حیڈرا‘ کمشنر کے معاملے میں چیف جسٹس سے رجوع ہونیکی تیاری

hydra

حکومت تلنگانہ ’حیڈرا‘ کمشنر مسٹر اے وی رنگا ناتھ سے متعلق جسٹس انیل کمار جوکنٹی کے فیصلہ کے خلاف چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ کی بنچ سے رجوع ہوتے ہوئے رٹ اپیل دائر کرسکتی ہے!بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ قانون کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر ماہرین قانون سے حکومت نے اس سلسلہ میں رائے حاصل کرنی شروع کردی ہے اور کہا جارہاہے کہ ریاستی حکومت تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس انیل کمار جوکنٹی کے احکامات پر عمل آوری کے بجائے ان احکامات کو عدالت میں چیالنج کرنے کی تیاری میں مصروف ہے۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نے ’حیڈرا‘ کمشنر کے دفاع اور ان کی عہدہ پر برقراری کے سلسلہ میں قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی فیصلہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے گذشتہ یوم چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ کو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ فوری کمشنر ’حیڈرا‘ کے عہدہ پر فائز اے وی رنگاناتھ کو ان کے عہدہ سے ہٹائیں۔عدالت کی جانب سے سخت برہمی کے عالم میں جاری کئے جانے والے ان احکامات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں ’حیڈرا‘ کمشنر کے خلاف زیردوراں تحقیر عدالت کے مقدمات کی تعداد اور مسلسل عدالت میں حاضر ہونے سے گریز کے نتیجہ میں یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔محکمہ قانون کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہناہے کہ ریاستی حکومت نے رنگاناتھ کے تقرر کے ساتھ ’حیڈرا‘ کے قیام کے بعد سے اب تک کی گئی کاروائیوں کی تفصیلات یکجا کرتے ہوئے جواب کی تیاری شروع کردی ہے۔ ریاستی حکومت مسٹر رنگاناتھ کے خلاف جاری کئے گئے عدالت کے احکامات پر عمل آوری کے بجائے ان احکامات کو ڈویژن بنچ پر چیالنج کرتے ہوئے رٹ اپیل دائر کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔