واشنگٹن کے جنگلات میں خوفناک آگ، 2 لاکھ افراد منتقل

2awwal_2

امریکہ اور کینیڈا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث جنگل میں آگ لگنے کے واقعات جاری ہیں۔ امریکی ریاست واشنگٹن کے جنگلاتی علاقوں میں بھڑکنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار ایکڑ جنگلات جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔ آگ قریبی شہروں کی جانب تیزی سے پھیل رہی ہے، جس پر قابو پانے کیلئے 4 ہزار سے زائد فائر فائٹرس مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ مشرقی واشنگٹن سے تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی تقریباً 3 ہزار ایکڑ رقبے پر آگ شدت کے ساتھ بھڑک رہی ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو پانا انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آگ ہفتہ کی دوپہر بھڑکی تھی اور اب تک ریاست میں تقریباً 4 ہزار مکانات خطرے کی زد میں آ چکے ہیں۔ واشنگٹن کے اسپوکین علاقے میں آگ کے پھیلاؤ کے پیش نظر 200 مکانات، متعدد سرکاری دفاتر اور اسپتالوں کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ شہر کی میئر Lisa Brown نے اس کی تصدیق کی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ جنگلاتی آگ کے اثرات 5 کروڑ سے زائد امریکی شہریوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ آگ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث مشرقی واشنگٹن سمیت کئی علاقوں میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک قومی محکمہ موسمیات نے ریڈ فلیگ وارننگ جاری کر دی ہے۔ یہ وارننگ شدید ہواؤں، کم نمی اور آگ کے مزید پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔