ریونت ریڈی کا بیرونی دورہ دو ممالک تک محدود

Pp15

چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورے کے شیڈول میں صرف دو ممالک کا دورہ شامل رہ سکتا ہے اور چین اور جرمنی کے پروگرام کو منسوخ کئے جانے کی اطلاع ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 19 اگست تا 30 اگست ریونت ریڈی برطانیہ اور امریکہ کا دورہ کریں گے۔ ابتدائی مرحلہ میں 19 اگست تا 10 ستمبر چار ممالک کے دورہ کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کے آغاز کے پیش نظر چیف منسٹر نے بیرونی دورہ کے پروگرام کو دو ممالک تک محدود کردیا ہے۔ برطانیہ اور امریکہ کی یونیورسٹیز کو تلنگانہ میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت کے علاوہ ریونت ریڈی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر کی موجودگی میں مختلف اداروں کے ساتھ یادداشت مفاہمت کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر یونیورسٹی آف آکسفورڈ ، لندن بزنس اسکول ، یونیورسٹی آف کیمبرج اور لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹکل سائنس کا دورہ کریں گے۔ اسپورٹس یونیورسٹیز کے علاوہ اسپورٹس کی انفراسٹرکچر سہولتوں اور پراجکٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ریونت ریڈی 23 تا 29 اگست امریکہ کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے۔