آئندہ تعلیمی سال کے اسکولی طلبہ کے یونیفارمس کی تیاری شروع کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

TOP_13-14

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لئے تیار کئے جانے والے یونیفارمس جاذب نظر اور بہتر رنگوں میں تیار کئے جائیں۔ انہوں نے آئندہ تعلیمی سال کے لئے یونیفارمس کی تیاری کی منصوبہ بندی شروع کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے سرکاری اسکولوں میں یونیفارمس اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ یونیفارم کے موجودہ ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے مزید جاذب نظر بنایا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جاریہ تعلیمی سال سرکاری اسکولوں، اقامتی ہاسٹلس اور اقامتی اسکولوں میں طلبہ کو ایک جوڑی یونیفارم کی تقسیم مکمل ہوچکی ہے جبکہ ستمبر کے اواخر تک ایک اور جوڑی تقسیم کی جائے گی۔ کستوربا گاندھی بالیکاودیالیہ اور ماڈل اسکولوں کے طلبہ کو دو جوڑی یونیفارمس فراہم کئے جاچکے ہیں۔ طلبہ میں نوٹ بکس کی تقسیم کا عمل ہوچکا ہے۔ سرکاری ہاسٹلس، اقامتی اسکولوں کستوربا ودیالیہ اور ماڈل اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو پلیٹس، گلاس، کٹوریاں، چمچ، کپ، کارپیٹ، بیڈشیٹ اور تولئے فراہم کئے جاچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ آئندہ تعلیمی سال اسکولوں کی کشادگی سے قبل تقسیم کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے پہلے ہی دن طلبہ کو یونیفارم اور دیگر ضروری سامان فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔ موجودہ طلبہ کے علاوہ مزید 10 فیصد طلبہ کے اسکولوں میں داخلے کا امکان ہے لہذا اسی مناسبت سے تمام ضروری انتظامات اور منصوبہ بندی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جاریہ سال طلبہ کو فراہم کئے گئے یونیفارم اور دیگر سامان کے معیار پر والدین کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر پی سدرشن ریڈی، رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری سریدھر، او ایس ڈی وی سرینواس، پرنسپل سکریٹریز بالا مایادیوی، سبیہ ساچی گھوش، احمد ندیم، ودیا دیوراجن، نوین نوکولس، شروتی اوجھا، سیتالکشمی اور دوسرے شریک تھے۔