تلنگانہ میں 95لاکھ ووٹ منسوخی کی خبریںمن گھڑت اور گمراہ کن

ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی (SIR) پر جاری تنازعہ اور افواہوں کے درمیان ریاست کے چیف الکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ریاست میں 95 لاکھ ووٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ وضاحت میں واضح کیا گیا ہے کہ ووٹر لسٹوں کے حوالے سے عوام اور سیاسی حلقوں میں محض من گھڑت اور جھوٹا پروپگنڈہ پھیلایا جارہا ہے ، جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ چیف الکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے انکشاف کیا کہ الیکشن کمیشن کی ویریفکیشن ڈرائیو کے تحت غیر حاضر ، منتقل شدہ ، متوفی اور ڈپلیکیٹ (ASDD) ووٹرس کے زمرے میں صرف 73,39,235 ووٹرس کی نشاندہی کی گئی تھی ۔ تفتیشی عمل کے دوران مجموعی طور پر 92,88,187 نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں سے 92,23,486 ووٹرس کو نوٹس موصول ہوچکے ہیں جبکہ باقی 64,701 نوٹس کی تقسیم جاری ہے ۔ نوٹس پانے والے ووٹرس میں سے اب تک 82,11,205 افراد کی فیلڈ انکوائری کامیابی کیساتھ مکمل کرلیگئی ہے ۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ تحقیقات کے نتائج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ووٹرس کے ناموں کی ویریفکیشن اور تحفظ کا عمل نہایت شفاف اور منصفانہ ہے ۔ نوٹس پانے والے افراد کی تحقیقات کے بعد 74,62,851 ووٹرس بالکل اہل پائے گئے ہیں اور انہیں فائنل ووٹر لسٹ میں برقرار رکھاجائے گا ۔ تحقیقات کے بعد محض 12,969 ووٹرس ہی نااہل قرار دیئے گئے ہیں۔ اب بھی 18,12,367 ووٹرس کے بارے میں قطعی فیصلے کا عمل جاری ہے ۔ تمام نوٹس اور اعتراضات پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 5 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔
