جنوبی کوریا کی کمپنیوں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں کوریا کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ سرمایہ کاری کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ عمل میں آئے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کوریائی کمپنیوں کو الیکٹرانکس، الیکٹرک وہیکلس، اڈوانس مینوفیکچرنگ، لائیو سائنسیس، قابل تجدید توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر آج حیدرآباد میں کوریا ہارمنی فیسٹیول سے خطاب کررہے تھے۔ کوریا کلچر ڈے 2026 کے تحت اس پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ اگست 2024 میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ ساؤتھ کوریا کے موقع پر سرمایہ کاری کے سلسلہ میں کئی کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ جات میں تلنگانہ کو کوریا کے ساتھ اشتراک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صنعتوں، یونیورسٹیز، ریسرچ اور دیگر شعبہ جات میں کوریا کے ساتھ باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سرمایہ کاری کی صورت میں حکومت کی جانب سے بہتر انفرااسٹرکچر سہولتوں کا وعدہ کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ ٹورازم پالیسی 2025-30 کے تحت 15 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹورازم انفرااسٹرکچر، فلم ٹورازم اور دیگر شعبہ جات میں کوریائی کمپنیوں کی شراکت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا اور ہندوستان کے مختلف شعبہ جات میں بہتر تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ساؤتھ کوریا میں کئی مماثلت موجود ہیں۔ دونوں ممالک تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں۔ اس موقع پر ہندوستان میں ساؤتھ کوریا کے سفیر لی سونگ ہو اور حیدرآباد میں کونسل جنرل سی ایچ سریش موجود تھے۔
