دہلی کیلئے خصوصی ٹرینیں چلانے سے انکار پر کانگریس کا ریل نیلائم پر احتجاجی دھرنا

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں کانگریس قائدین نے سکندرآباد کے ’’ریل نیلائم‘‘ کا گھیراؤ کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا جس سے سارے علاقہ میں تھوڑی دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے تمام احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلہ میدان میں ووٹ بچاؤ، دیش بچاؤ ریالی میں شرکت کرنے کے لئے دو خصوصی ٹرینیں چلانے کی نمائندگی کی تھی۔ ایک ہفتہ تک مثبت ردعمل کا اظہار کرنے کے بعد ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کل کانگریس پارٹی کو خصوصی ٹرینوں کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کرنے کی اطلاع دی جس پر آج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کانگریس کے ارکان اسمبلی سری گنیش، نوین یادو، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، ڈی ناگیندر کے علاوہ دوسرے قائدین اور پارٹی کارکنوں کی بھاری تعداد زبردستی ریل نیلائم کے احاطہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں موجود پولیس فورس نے انہیں روک دیا۔ پولیس اور کانگریس قائدین کے درمیان کشمکش کے باعث ریل نیلائم کے باہر کچھ دیر کے لئے شدید کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی۔ بعد ازاں دھرنا دینے والے تمام کانگریس قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے انہیں مونڈا مارکٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے مرکزی حکومت اور ریلوے حکام پر سنگین الزامات عائد کئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے زیر قیادت انڈیا اتحاد کی جانب سے ووٹ چوری کے خلاف کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں سے مرکزی حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان دونوں قائدین نے محکمہ ریلوے پر دباؤ ڈالتے ہوئے یکم نومبر کو دہلی میں منعقد ہونے والے پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے خصوصی ٹرینیں چلانے کی اجازت نہیں دی اور لمحہ آخر میں اس کی اطلاع دی گئی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ انیل کمار یادو اور ملو روی نے 6 دن قبل ریلوے کے جنرل مینجر سے ملاقات کرتے ہوئے درخواست دی تھی۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کرلے کانگریس کیڈر ہر حال میں دہلی پہنچ کر اپنا احتجاج درج کروائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے عہدے سے استعفی نہیں دیتے کانگریس کا احتجاج جاری رہے ۔
