ناقابل رسائی چوٹیوں پر بچاؤ کارروائیوں کیلئے آئی ٹی بی پی قابل تعریف : امیت شاہ

AMIT-SHAH

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہماچل پردیش میں واقع لاہول اور اسپیتی کی ناقابل رسائی چوٹیوں سے ایک امریکی شہری کی لاش کو تلاش کرنے اور واپس لانے کے کامیاب ریسکیو آپریشن کے لیے انڈو تبت سرحدی پولیس کی پہاڑی بچاؤ ٹیم کی تعریف کی ہے۔ شاہ نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمیں اپنے بہادر برفانی جنگجوؤں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی بی پی کی ماؤنٹین ریسکیو ٹیم نے حال ہی میں لاہول اور اسپیتی کی ناقابل رسائی چوٹیوں پر ایک چیلنجنگ تلاشی آپریشن کیا اور ایک امریکی شہری کی لاش کو واپس لایا جس کی پیرا گلائیڈنگ کے دوران ایک حادثے میں موت ہوگئی تھی ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی درخواست پر آئی ٹی بی پی ٹیم کے اراکین نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر پہاڑ کی 14,800 فٹ بلندی پر چڑھ کر انسانیت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاش کو واپس لایا۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ انسانیت کے تئیں آئی ٹی بی پی کی لگن قابل تعریف ہے۔