ملازمت کے نام پر دھوکہ، رقم حاصل کرنے کے بعد کمپنی کے ذمہ دارفرار

ملازمت کے نام پر ایک سافٹ ویئر کمپنی کے ذمہ دارکئی افراد سے رقم حاصل کرتے ہوئے ان کو دھوکہ دے کر فرارہوگئے۔اس سلسلہ میں متاثرین نے شہرحیدرآباد کے رائے درگم پولیس اسٹیشن میں شکایت کی۔ پولیس نے کہا کہ ریل ورلڈ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ سافٹ ویئر کمپنی مئی کے مہینے میں ٹیلی کام نگر، گچی باؤلی میں قائم کی گئی تھی۔ سافٹ ویئر ڈویلپر کمپنی کے نام سے بنگلورو، پونے، ممبئی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں اس کی شاخیں کھولی گئیں۔ کمپنی کے ذمہ داروں نے ٹریننگ اور پلیسمنٹ کا وعدہ کرتے ہوئے ہر فرد سے 50,000 روپئے وصول کیے۔جملہ 49 افرادسے 18 لاکھ روپئے وصول کئے گئے جس کے بعد کمپنی کے دفاتر بند کردیئے گئے۔ اس بات کا علم ہونے پر متاثرین نے رائے درگم پولیس سے رجوع ہوکر اس خصوص میں شکایت کی۔پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر ایک معاملہ درج کرکے کمپنی کے مفرورذمہ داروں کی تلاش شروع کردی۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ کا اصل سرغنہ پرکاش سنگھ ہے۔
