جولائی میں اسمبلی اجلاس کی طلبی کا امکان

TS-ASSEMBLY-1-780x470

ریاستی حکومت رواں مالیاتی سال کے مکمل بجٹ کواسمبلی میں منظورکرانے کے لئے مقننہ کااجلاس طلب کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ سکریٹریٹ نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اورکونسل کے پچھلے سیشن کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کے احکام جاری کئے تھے تاکہ مقننہ کے نئے سیشن کوطلب کرنے کی راہ ہموارہوسکے۔ نئے سیشن کی طلبی کے لئے پچھلے اجلاس کوغیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنا ضروری ہے۔ یہ عمل پیشروبی آرایس حکومت نے اپنی سہولت کے لئے شروع کیاتھا۔دسمبر میں اقتدار سے محرومی سے قبل بی آر ایس نے کئی اجلاسوں کوملتوی نہیں کیا تھا۔ ریاست کی کانگریس حکومت‘جولائی کے تیسرے ہفتہ میں اسمبلی کااجلاس طلب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اس سیشن میں مکمل بجٹ منظور کرایا جائے۔ حکومت کو31 جولائی سے قبل بجٹ منظور کرانا ضروری رہے گا ۔ کیونکہ مختلف محکموں کو فنڈس کی اجرائی کیلئے کوئی قانونی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجانہ ہوگا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 2یوم قبل اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ مرکزی حکومت کے بجٹ کی منظوری کے اندرون دوتاچاریوم ریاست کا مکمل بجٹ اسمبلی میں پیش کیاجائے گا۔