مودی کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود سے گزرا

Modi

وزیر اعظم نریندر مودی کا طیارہ پولینڈ سے ہندوستان واپس آتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرا۔یہ اطلاع ایک میڈیا رپورٹ میں دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے بتایا کہ مودی کا طیارہ صبح 10 بج کر 15 منٹ پر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا اور تقریباً 46 منٹ تک وہاں رہا۔ طیارہ اسلام آباد اور لاہور کے ایئر کنٹرول ایریاز سے گزرنے سے پہلے چترال سے گزرا اور آخر کار امرتسر کے راستے صبح 11:01 پر ہندوستان میں داخل ہوا۔ دی نیوز سے بات کرتے ہوئے سی اے اے کے ایک اہلکار نے واضح کیا کہ پرواز کو بین الاقوامی سول ایوی ایشن کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) کے تحت اجازت دی گئی تھی۔ اہلکار نے کہاکہ "بین الاقوامی قانون کے مطابق، ایسے حالات میں نو آبجکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کی ضرورت نہیں ہے۔ متعلقہ ملک کے سی اے اے کو صرف پیشگی مطلع کرنے کی ضرورت ہے۔ اخبارات نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم بننے کے بعد مودی چار بار پاکستان کی فضائی حدود عبور کر چکے ہیں۔