جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سب سے بڑی جماعت کے طور ابھرے گی:رینا

n63407748917283005800374f491ff9cb316022e28a0af3164852f6ffc85fc6797704f96be1b8b1ba8e78fe

جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے پیر کے روز کہا کہ ان کی پارٹی 35 نشستیں حاصل کرکے خطے میں سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھرے گی اور ہم خیال آزاد امیدواروں کی مدد سے حکومت تشکیل دے گی۔رینا نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے پانچ ارکان اسمبلی کی نامزدگی جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے اور یہ عمل آئینی تقاضوں کے مطابق ہو رہا ہے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر میں 35 نشستوں پر کامیابی کا یقین ہے، اور آزاد امیدواروں اور ہم خیال گروہوں کی حمایت سے، جو تقریباً 15 نشستیں جیتیں گے، ہم 50 نشستوں کی اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائیں گے۔رینا نے مزید کہا کہ عوام نے بی جے پی کے ترقی اور امن کے وژن کو سراہا ہے اور ووٹ دے کر اس کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی حمایت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔رینا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کانگریس کو ان انتخابات میں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، اور بی جے پی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔اتحاد کے سوال پر، رینا نے واضح کیا کہ بی جے پی نے 15 آزاد اور ہم خیال امیدواروں کی حمایت کی ہے، لیکن انجینئر رشید کی پارٹی سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ آزاد امیدوار اور ہم خیال گروہ کامیاب ہوں گے، اور بی جے پی جموں و کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن جائے گی۔ووٹوں کی گنتی سے قبل بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں سنئیر رہنما ترون چُغ اور رام مادھو شرکت کر رہے ہیں۔