‘ون نیشن ون الیکشن ‘کو چندرا بابو نائیڈو کی تائید

وزیراعلی آندھرا پردیش اورتلگودیشم کے صدراین چندرا بابو نائیڈو نے ایک اہم سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت کے ون نیشن ون الیکشن منصوبہ کی تائید کی ہے۔ انہوں نے وجئے واڑہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کو ملک بھر میں بھرپور تائید کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مستحکم اورپائیدارحکمرانی کے ذریعہ تیزرفتارترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ وقفہ سے کسی نہ کسی ریاست میں اسمبلی انتخابات کے نتیجہ میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے لہذا پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کرائے جائیں تو ملک میں یکساں طور پر ترقی ہوگی اور یہی ملک کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون نیشن ون الیکشن پر عمل آوری کی صورت میں حکومتیں ترقی پر توجہ مرکوز کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں نے مستحکم حکومت کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی بہتر کارکردگی کے نتیجہ میں بی جے پی کو ہریانہ میں کامیابی حاصل ہوئی اور ہریانہ کی کامیابی دیگر ریاستوں میں کامیابی کا تسلسل ثابت ہوگا۔ ملک کے عوام کو نریندر مودی پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں بی جے پی ایک مضبوط پارٹی کے طور پر ابھری ہے اور ووٹ فیصد میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ جو بھی حکومت بہتر کام کرے گی اسے عوام کی تائید حاصل ہوسکتی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے امید ظاہر کی کہ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں بھی نتائج بی جے پی کے حق میں رہیں گے۔
