عوام پر بوجھ عائد کئے بغیر ریاست کی آمدنی میں ا ضافہ کے اقدامات

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوام پر بوجھ عائد کئے بغیر ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں۔ سکریٹریٹ میں آج کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جو ریاست میں وسائل میں اضافہ کے لئے قائم کی گئی ہے۔ کابینی سب کمیٹی کے ارکان اتم کمار ریڈی اور سریدھر بابو کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ کابینی سب کمیٹی کا احساس تھا کہ جوائنٹ وینچرس کے تحت قیمتی جائیدادیں موجود ہیں۔ خانگی افراد عدالتوں سے رجوع ہوکر اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں۔ ان تنازعات کے حل کے لئے 4 اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تنازعات کا عدلیہ کے باہر حل تلاش کرتے ہوئے حکومت کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کرے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے عہدیداروں سے کہا کہ جوائنٹ وینچرس کے تنازعات کے حل کیلئے توجہ دیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ کی صدارت میں محکمہ جات ، بلدی نظم و نسق اور ہاؤزنگ کے سکریٹریز پر مشتمل کمیٹی تنازعات کی یکسوئی کرے گی۔ یہ کمیٹی ہفتہ میں ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت اور خانگی افراد کے درمیان جاری تنازعات کا جائزہ لے گی۔ سب کمیٹی نے کہا کہ فضائی آلودگی میں اضافہ کا سبب بننے والے صنعتی اداروں کو آؤٹر رنگ روڈ کے باہری حدود میں منتقل کیا جائے۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صنعتوں کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے اس مسئلہ کا حل تلاش کریں ۔ کمیٹی نے حیدرآباد میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کا مشورہ دیا۔ سب کمیٹی نے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے پلاٹس کے آکشن کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ محکمہ ہاؤزنگ کے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مکانات اور اراضیات کے ہراج کے ذریعہ حکومت کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کریں۔ راجیو سوا گروہا اسکیم کے تحت زیر التواء پلاٹس کی صورتحال کے بارے میں سب کمیٹی نے عہدیداروں سے وضاحت طلب کی۔ کمیٹی نے محکمہ صنعت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 5 ایکر اراضی پر چھوٹی اور متوسط صنعتوں کے قیام کو یقینی بنائیں۔ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ دیہی علاقوں میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتہ تک فیصلوں کے بارے میں ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ ، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور ، چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن نوین متل ، پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیشن رنجن ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ ، سکریٹری ہاؤزنگ بدھا پرکاش ، سکریٹری انڈسٹریز وشنو وردھن ، کلکٹر رنگا ریڈی نارائن ریڈی ، کلکٹر سنگا ریڈی کرانتی کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
