معیاری تدریس سے ہی ملک کا معیار بلند ہوگا : پروفیسر اجے کمار سنگھ

درس و تدریس کے لیے مطالعے کی بڑی اہمیت ہے۔ٹیچنگ میں کوالٹی سے ہے نیشن کی کوالٹی بنے گی۔ ہمیں طلبہ کے اندر کوالٹی پیدا کرنے کے لیے خود بھی مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما ہوسکے۔اس میں سب سے زیادہ اہمیت وقت کی ہے۔کیوں کہ جب ہم وقت پر طلبہ کو پڑھائیں گے تو ان کے اندر خود بخود تعلیم و تعلّم کا جذبہ پیدا ہوگا۔”ان خیالات کا اظہار پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اجے کمار سنگھ نے کیا۔واضح رہے کہ پٹنہ یونیورسٹی کے یوجی سی ایم یم ٹی ٹی سی اور شعبہ فارسی پٹنہ یونیورسٹی کے اشتراک سے یونیورسٹی کے فارسی، اردو اور عربی اساتذہ کے لیے ایک ریفریشر کورس کا انعقاد کیاگیا ہے جس کا دورانیہ13؍اکتوبر تا 26؍اکتوبر ہے۔ کورس کا آغازڈاکٹر شاہد وصی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔اس کے بعد شمع افروزی کی رسم ادا کی گئی اور مہمانوں کا شال اور مومنٹو کے ذریعہ استقبال کیاگیا۔ مہمان خصوصی عامر سبحانی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ طلبہ کو صرف نصابی تعلیم ہی نہ دی جائے بلکہ ان کو عالمی ادب سے بھی واقف کرایاجائے ۔ اس سے ان کے ذہنی دریچے وا ہوں گے۔انھوںنے مزید کہا کہ اردو زبان و ادب کے طالب علموں کو فارسی کی اتنی واقیت ضروری ہے کہ وہ اردو میںمستعمل ضرب الامثال اور محاورات کو بخوبی سمجھ سکیں۔پروفیسر اعجاز علی ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ کو پڑھانامشکل ہے اور اساتذہ کو پڑھانا اور بھی مشکل۔انھوںنے مزید کہا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے، فارسی ہماری تہذیبی زبان ہے جب کہ عربی ہماری مذہبی زبان ہے۔ اس لیے ہمارا فریضہ ہے کہ ہم تینوں سے واقفیت حاصل کریں۔ پروفیسر عید محمد انصاری نے فارسی، اردو اور عربی زبان کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالٹے ہوئے ان زبانوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفتگو کی۔انھوں نے ان تینوں زبانوں میںمسقبل کے امکانات اور ریفریشر کورس کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی سابق صدر شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی نے بخوبی نظامت کے فرائض انجام دئیے اور رسمی طور پر مہمانوں کا استقبال کیا اور تعارفی کلمات پیش کیے۔اس کے بعد شعبہ فارسی کے صدر ڈاکٹر صادق حسین نے باقاعدہ طور پر مہمانوں اور شرکا کا استقبال اور کثیر تعداد میں ان کی موجودگی پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یوجی سی ایم ایم ٹی ٹی سی کے ڈائرکٹر پروفیسر اتل آدتیہ پانڈے نے ایم ایم ٹی ٹی سی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور شرکا کو یوجی سی کی ہدایات کے مطابق پابندی سے شرکت کرنے اور کورس سے بھر پور استفادہ کرنے پر زور دیا۔پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر جی بی چاند نے مہمانوں اور شرکا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شعبہ فارسی، اردو اور عربی کے اساتذہ ڈاکٹر سرور عالم ندوی،ڈاکٹر سورج دیو سنگھ،ڈاکٹر محمد سعید عالم،ڈاکٹرمحمد محمود عالم،ڈاکٹرہاشم رضا،ڈاکٹر محمد سلیم اختر اورریسرچ اسکالر میں پروین کمار ، محمد سجاد،عابد عزیز،سید غلام فانی ، شگفتہ عالم ،حشمت حنا اورالطاف حسین وغیرہ موجودتھے۔
