پوسٹر پھاڑنے کی نفسیات، اپوزیشن پارٹیوں کو انتخابات ہارنے کا خوف ہے: وجے پاٹل

نالاسوپارہ مغربی کے گاس گاؤں میں وسئی اسمبلی حلقہ سے مہاوکاس اگھاڑی کے کانگریس کے امیدوار وجے پاٹل کا پوسٹر نامعلوم لوگوں نے پھاڑ دیا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وجے پاٹل نے کہا کہ مجھے مقامی لوگوں کی طرف سے جو حمایت مل رہی ہے اس سے اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں میں شدید مایوسی ہے۔ وہ علاقے میں مہاوکاس اگھاڑی کی سرگرمیوں سے خوفزدہ ہیں۔ شکست کے خوف سے گھبرا کر مخالفین نے یہ گھناؤنی حرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، وہ ایسے لوگوں کو سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں،۔ تفصیلات کے مطابق مہا وکاس اگھاڑی کے وجے پاٹل وسئی اسمبلی حلقہ سے کانگریس سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس سیٹ سے بہوجن وکاس اگھاڑی کے امیدوار ہتیندر ٹھاکر اور مہایوتی کی بی جے پی امیدوار اسنیہا دوبے پنڈت بھی میدان میں ہیں۔ کانگریس امیدوار پاٹل کا ایک بڑا پوسٹر پیر کی رات نالاسوپارہ ویسٹ گاس گاؤں میں لگایا گیا۔ منگل کی صبح معلوم ہوا کہ یہ پوسٹر کسی نے پھاڑ دیا ہے۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی ناراض کانگریسی کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔ اس دوران کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نالاسوپارہ پولیس کو بلایا گیا۔ پولیس نے کانگریس قائدین کی شکایت پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
