شری کرشن جنم بھومی: الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف مسلم فریق کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی ۔

سپریم کورٹ نے متھرا کے شری کرشن جنم بھومی کیس میں ٹرائل کورٹ سے ہائی کورٹ میں منتقل کی گئی 18 عرضیوں کو قابل سماعت تصور کرنے کے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی مسلم فریق کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت ملتوی کر دی ہے۔ چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ یہ دیکھا جائے گا کہ ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کی اپیل ہائی کورٹ کی بڑی بنچ میں ممکن ہے یا نہیں۔ ہندو فریق پہلے ہی اس معاملے میں کیویٹ داخل کر چکا ہے۔ یکم اگست کو الہ آباد ہائی کورٹ نے کرشن جنم بھومی شاہی عیدگاہ کیس میں 18 عرضیوں کو سماعت کے قابل سمجھا تھا۔ ہائی کورٹ نے ان 18 درخواستوں پر بیک وقت سماعت کرنے کا مطالبہ بھی قبول کر لیا تھا۔ ہندو فریق کی جانب سے دائر ان 18 درخواستوں میں متنازعہ مقام کو شری کرشنا کی جائے پیدائش قرار دے کر ہندوؤں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
