اتر پردیش کے قنوج میں ڈبل ڈیکر بس پانی کے ٹینکر سے ٹکراکرپلٹ گئی ، آٹھ افراد کی موت

اترپردیش کے قنوج ضلع کے ساکروا تھانہ علاقے میں جمعہ کی صبح ایک ڈبل ڈیکر بس پانی کے ٹینکر سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریاست کے جل شکتی وزیر سواتنتر دیو سنگھ موقع پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ساکروا اور سوریکھ تھانوں کی پولیس ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ضلع پولیس کے سپرنٹنڈنٹ امیت کمار آنند نے حادثے میں 8 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی 19 افراد کو سیفئی میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری اور گھنی دھند کے باعث پیش آیا۔
