شام پر جوبائیڈن کی گہری نظر : وائٹ ہاؤس

n64258449317337029093160e232d178de62c3143c55efacfc00c9e7020ef51f205fcd9de0e0f751875f95d

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن شام میں رونما ہونے والے غیرمعمولی واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میڈیاکے مطابق قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بتایا کہ ‘صدر بائیڈن اور ان کی ٹیم شام میں غیر معمولی واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔’امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ‘امریکی فوج کو شام میں بڑھتے ہوئے تنازعے سے دور رہنا چاہیے۔’ہفتہ کی شب سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘یہ ہماری لڑائی نہیں ہے۔’عالمی رہنما شام کے روسی اور ایرانی حمایت یافتہ صدر بشار الاسد کے خلاف عسکریت پسندوں کی پیش قدمی کو بغور دیکھ رہے ہیں۔جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کا مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔جیک سلیوان نے کہا ہے کہ امریکہ شام کی خانہ جنگی کے دوران فوجی مداخلت نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ داعش کو اس تنازعہ کی وجہ سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے سے روکنے کے لیے ضروری کام کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے سینیئر فوجی افسران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد طیارے میں سوار ہو کر دمشق سے روانہ ہو گئے ہیں۔روئٹرز کے مطابق شام کے عسکریت پسندوں نے دارالحکومت میں داخل ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دو سینیئر فوجی افسران نے بتایا ہے کہ ‘صدر بشار الاسد دمشق چھوڑ گئے ہیں۔’شام میں عسکریت پسندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دارالحکومت دمشق میں داخل ہو گئے ہیں اور انہیں وہاں کوئی فوجی اہلکار نظر نہیں آیا۔